۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ جیکب آباد میں عظمت مصطفی (ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں ایک سازش کے تحت اختلاف اور انتشار کو ہوا دی جا رہی ہے، انسان دشمن عالمی سامراجی قوتیں لڑاؤ اور حکومت کرو جیسے شیطانی منصوبے کے تحت فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دے کر برادر کشی کرانا چاہتی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت سید الانبیاء محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ عالم بشریت کے لئے اسوہ حسنہ ہے، آپ کی ذات گرامی دنیائے اسلام کے لئے نقطہ اتحاد و وحدت ہے، ہم حضور اکرم (ص) کے نقش قدم پر چل کر دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں۔ جیکب آباد میں عظمت مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سید الانبیاء (ص) کی ذات گرامی عالم انسانیت کے لئے رہبر اور رہنما ہے، آج کی پریشان انسانيت سیرت مصطفیٰ (ص) اپنا کر تمام مشکلات سے نجات پاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ اتحاد بین المسلمین اور عشق مصطفیٰ (ص) کا مہینہ ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ عید میلادالنبی (ص) کے جلوسوں میں شیعہ سنی مسلمان متحد ہوکر آقائے دو جہاں حضرت سید الانبیاء سے اپنے عشق اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کفر چاروں طرف سے دین مصطفیٰ (ص) پر حملہ آور ہے لہذا اسلام دشمن شیطانی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد وقت ضرورت ہے، وطن عزیز پاکستان میں ایک سازش کے تحت اختلاف اور انتشار کو ہوا دی جا رہی ہے، انسان دشمن عالمی سامراجی قوتیں لڑاؤ اور حکومت کرو جیسے شیطانی منصوبے کے تحت فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دے کر برادر کشی کرانا چاہتی ہیں، سرکار مصطفیٰ (ص) کے غلام اتحاد اور اخوت کی قوت سے دشمن کے تمام عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .